عمران خان، شیخ رشید اور طاہر القادری کی نااہلی کی درخواست خارج

عمران خان، شیخ رشید اور طاہر القادری کی نااہلی کی درخواست خارج

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عمران خان، شیخ رشید اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست خارج کر دی جب کہ وفاقی وزیر پرویز ملک کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی درخواست بھی نمٹا دی گئی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست گزار شاہ جہاں کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ تینوں فریقین نے 2002 کے کاغذات نامزدگی میں درست حقائق نہیں بتائے جس بنا پر انہیں نااہل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے ابتدائی سماعت کی تو درخواست گزار ہی کمیشن کے روبرو اپنے مؤقف کے دفاع کے لیے پیش نہ ہوئے جس پر کمیشن نے درخواست خارج کر دی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر پرویز ملک کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی درخواست بھی نمٹا دی۔ وفاقی وزیر پرویز ملک کے خلاف درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی۔ پرویز ملک کے خلاف درخواست دائر کرنے والا درخواست گزار بھی کمیشن میں پیش نہ ہوا تاہم پرویز ملک کے وکیل نے پیش ہو کر کمیشن کو آگاہ کیا کہ ان کے مؤکل پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام ہے لیکن اب وہ انتخابی مہم سے دستبردار ہو چکے ہیں جب کہ ان کی جانب سے کسی ترقیاتی فنڈ کا استعمال بھی نہیں کیا گیا۔

پرویز ملک کے وکیل نے اپنے مؤکل کی دستبرداری کا حلف نامہ بھی جمع کرایا جو کمیشن نے تسلیم کرتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ ضمنی الیکشن میں کسی قسم کی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں