نواز شریف نے این اے 120 کی انتخابی مہم تیز کرنیکی ہدایت کر دی

نواز شریف نے این اے 120 کی انتخابی مہم تیز کرنیکی ہدایت کر دی

لاہور: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو این اے 120 کی انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ نواز شریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں (ن) لیگی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سعد رفیق، جاوید لطیف، دانیال عزیز اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے عید کے بعد این اے 120 کی انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران نواز شریف کی نااہلی کے خلاف عدالت عظمیٰ میں دائر کی جانے والی نظر ثانی اپیل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔

یاد رہے نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی حلقہ این اے 120 کی نشست پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہو گا جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز امیدوار ہیں جب کہ تحریک انصاف نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو میدان میں اتارا ہے۔ مریم نواز اپنی والدہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم باضابطہ شروع کر چکی ہیں اور اس حوالے سے گھر گھر جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں