بھارتی ٹی وی اسٹار کپل شرما نفسیاتی بیماری میں مبتلا

بھارتی ٹی وی اسٹار کپل شرما نفسیاتی بیماری میں مبتلا

ممبئی: بھارتی ٹی وی اسٹار کپل شرما کی نفسیاتی بیماری شدید ہونے کی وجہ سے ان کے شو کی شوٹنگ نہ ہو سکی اور شو میں بلائے گئے بالی ووڈ سپر اسٹار انتظار ہی کرتے رہ گئے۔ بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں اور کپل ان دنوں اپنے شو کی مقبولیت کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی گرتی صحت کے باعث خبروں میں رہتے ہیں۔ کپل کی خراب طبیعت کی وجہ سے پہلے بھی کئی بار شو کی شوٹنگ کینسل کی جا چکی ہے تاہم ایک بار پھر یہ افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن، عمران ہاشمی، الیانا ڈی کروز اور ایشا گپتا اپنی فلم بادشاہو کی تشہیر کے سلسلے میں کپل شرما شو کے سیٹ پر پہنچے لیکن کافی دیر انتظار کے بعد بھی کپل وہاں نہیں پہنچے پہلے تو فلم کی ٹیم نے کپل کا انتظار کیا لیکن جب کپل کافی دیر تک سیٹ پر نہیں پہنچے تو اجے دیوگن غصے سے آگ بگولہ ہو گئے اور وہاں سے چلے گئے۔

کپل کی ٹیم ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن ان کا فون بند جا رہا تھا۔ بعد ازاں ٹیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کپل کو اچانک پینک اٹیک (دراصل ایک نفسیاتی بیماری ہے جس میں مریض پر اچانک گھبراہٹ کا حملہ ہوتا ہے اور مریض کو سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے اور کپکپاہٹ طاری ہوجاتی ہے) آیا تھا جس کے باعث وہ سیٹ پر نہیں پہنچ سکے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں