ایران ، مخصوص فرقہ کے روحا نی پیشوا کو سزا ئےموت سنا دی گئی

ایران ، مخصوص فرقہ کے روحا نی پیشوا کو سزا ئےموت سنا دی گئی

تہران:ایران کی سپریم کورٹ نے ایک روحانی صوفی گروپ کے بانی کو فساد فی الارض اور دین اسلام میں تحریف کے الزامات کے تحت سزائے موت کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں میں بتایا ہے کہ صوفی سلسلے کے ایک سرکردہ شخص محمد علی طاھری کو ’حلقہ عرفان‘ قائم کرتے ہوئے دین میں تحریف، فساد فی الارض اور غیرقانونی تنظیم کی تشکیل کے الزامات میں کے تحت موت کی سزا سنائی گئی ہے۔
محمد علی طاھری کی خاتون وکیل زینب طاھری کا کہنا ہے کہ عدالت نے ان کے موکل کو قانون تعزیرات کے آرٹیکل 286 کے تحت فساد فی الارض کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ایمسنٹی انٹرنیشنل‘ نے ایرانی عدالت سے حلقہ عرفان کے بانی کو سزائے موت سنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے طاھری کو سنائی جانے والی موت کی سزا عقیدے اور مذہب کی آزادی کی توہین ہے، لٰہذا اسے فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔