بلاول بھٹو زرداری بھی صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئے

بلاول بھٹو زرداری بھی صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئے
کیپشن: صدارتی امیدوار کیلئے میرے 3 نام ہیں، پہلا نام اعتزاز احسن، دوسرا اعتزاز احسن اور تیسرا بھی اعتزاز احسن ہے، بلاول بھٹو۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے اس حوالے سے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کیا اور صدارتی امیدوار کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کیلئے میرے 3 نام ہیں، پہلا نام اعتزاز احسن، دوسرا اعتزاز احسن اور تیسرا بھی اعتزاز احسن ہے۔ مشترکہ صدارتی امیدوار کے انتخاب کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا اجلاس آج شام ہوگا۔

گزشتہ روز جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے صدارتی الیکشن کے لیے اعتزاز احسن کو دستبردار کرنے اوراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست کی تھی جس پر سابق صدر نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا تھا۔

واضح رہےکہ گرینڈ اپوزیشن الائنس نے صدارتی انتخاب کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا تھا لیکن پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا گیا جس پر مسلم لیگ (ن) نے شدید اعتراض کیا اور امیدوار کی تبدیلی کا مطالبہ کیا لیکن آصف زرداری نے امیدوار کی تبدیلی سے انکار کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹے رہنے کے بعد مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ ملک میں آئندہ صدر کے انتخاب کے لیے الیکشن 4 ستمبر کو ہوں گے۔