اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا

اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت ڈینگی کی زد میں آ گیا ، 24 گھنٹوں کے دوران24 مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جن کو مقامی ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے اسپتال پمز میں 24 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں ڈینگی کے 150 مشتبہ مریض لائے گئے تھے ، ترجمان پمز اسپتال نے کہا کہ اسپتال میں ڈینگی آئیسولیشن وارڈ قایم کر دیا گیا ہے، جس میں 10 بیڈز رکھے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے صحت کی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ظفر مرزا کی ہدایت پر وفاقی سیکریٹری ہیلتھ نے ڈینگی سے متعلق اجلاس منعقد کیا۔

معاون خصوصی صحت نے کہا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ڈینگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق مچھروں کی افزایش کی جگہوں کی نشان دہی کر لی گئی ہے، مچھروں کے خاتمے کے لیے اسپرے جاری ہے، ٹائر، پلاسٹک کی بوتلوں، کوڑا کرکٹ تلف کرنے کا کام بھی جاری ہے ، ترجمان نے بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی 136، سینٹری انسپکٹرز، ملیریا سپراوئزر کی 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔