کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، وزیر اعظم

کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، وزیر اعظم
کیپشن: Image Source: GoP Twitter Account

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے کشمیر میں غاصبانہ  اقدامات نے خطے کے امن و سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے مختلف ممالک کے سربراہان کو ٹیلی فون کیا جن میں فرانس کے صدر، اردن کے شاہ عبداللہ سمیت دیگر شامل ہیں۔

وزیراعظم نے سربراہان مملکت کو مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت بدلنے سے متعلق بھارتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام لاک ڈاؤن کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قریب سے جائزہ لے رہے تھے تاہم تمام متنازعہ امور کو پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جس پر فرانسیسی صدر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔