مریم اورنگزیب کا عالمی تنظیم گلوبل فنڈ کا اپنے فنڈز کی خودنگرانی کے اقدام پر اظہار تشویش

مریم اورنگزیب کا عالمی تنظیم گلوبل فنڈ کا اپنے فنڈز کی خودنگرانی کے اقدام پر اظہار تشویش

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عالمی تنظیم گلوبل فنڈ کا اپنے فنڈز کی خودنگرانی کے اقدام پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ سوئٹزرلینڈ میں قائم عالمی تنظیم کا ایڈز سمیت دیگر بیماریوں پر قابو پانے کےلئے فنڈز کی نگرانی خود کرنے کا اقدام عمران صاحب پر عدم اعتماد ہے،عالمی تنظیم ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے مزید 30 کروڑ ڈالر گرانٹ اپنی براہ راست نگرانی میں خود خرچ کرےگی ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ گلوبل فنڈ کا خط وزیرصحت عمران صاحب کی نااہلی، نالائقی ، غیرسنجیدگی ، غیرشفافیت اور بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایڈیشنل سیف گارڈ پالیسی (اے ایس پی) اختیار کرنے کا مطلب حکومتی ساکھ ختم ہونا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی فنڈ نے یہ اقدام سیاسی عدم استحکام اور ناکام حکومت مسلط ہونے کی وجہ سے کیا ہے ،گلوبل فنڈ نے یہ اقدام سنجیدہ معاملات میں مجرمانہ لاپرواہی برتی جانے اور عوام کا فیصلہ سازی میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گلوبل فنڈ کا یہ فیصلہ ملک میں شفافیت نہ ہونے ، فراڈ اور کرپشن کی وجہ سے کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گلوبل فنڈ نے یہ فیصلہ آپ کی نالائق اور کرپٹ حکومت کا شراکت داروں کو ساتھ لے کر نہ چلنے سے کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی تنظیم ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے مزید 30 کروڑ ڈالر گرانٹ اپنی براہ راست نگرانی میں خود خرچ کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی تنظیم کا خط عمران صاحب کی ایڈز سمیت دیگر سنگین امراض کے تدارک کے لئے غیرسنجیدگی اور مجرمانہ لاپرواہی کا ثبوت ہے ،اس سے پہلے پولیو کے معاملے میں بھی غیرسنجیدگی، لاپرواہی بدترین نالائقی کا مظاہرہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پولیو کم ہونے کے بجائے عمران صاحب کے دور میں ریکارڈ تعداد میں بڑھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی سے لے کر کورونا تک عمران صاحب کی نالائقی، نااہلی ہر سمت عیاں ہے ،وفاق کی عدم دلچسپی اور کردار کی وجہ سے صوبوں میں صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی تنظیم نے واضح کہا ہے کہ اہم پہلووں پر حکومت توجہ نہیں دے رہی جو لمحہ فکریہ اور تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایچ آئی وی، ٹی بی اور ملیریا کی روک تھام پر توجہ نہ ہونا قومی صحت کو خطرے سے دوچار کرنے کے مترادف ہے ،ایچ آئی وی اور ٹی بی کے لئے فنڈنگ کی نئی درخواستوں پر بھی تشویش ہے، یہ بیماریوں کے پھیلاو کا اشارہ ہے،یہ خط ثبوت ہے کہ مطلوبہ وسائل متعلقہ پروگراموں پر درست طورپر خرچ نہیں ہورہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی سطح پر بھی وزیر صحت عمران صاحب صحت کے شعبے کے وسائل بروئے کار نہیں لاسکے۔