رواں سال کے آخر تک 5 لاکھ افغانی ملک چھوڑ سکتے ہیں: اقوام متحدہ 

رواں سال کے آخر تک 5 لاکھ افغانی ملک چھوڑ سکتے ہیں: اقوام متحدہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی ایجنسی نے رواں سال کے اختتام تک 5 لاکھ افغانیوں کے افغانستان چھوڑ کر جانے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ 
مہاجرین کیلئے اقوام متحدہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے جنیوا میں نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ تعداد کے لحاظ سے ہم خطے میں 5 لاکھ نئے مہاجرین کی تیاری کررہے ہیں اوریہ ایک بدترین صورتحال ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہم نے بڑی تعداد میں افغانوں کا انخلاءنہیں دیکھا لیکن افغانستان کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، افغانستان کے پڑوسی ممالک پناہ گزینوں کیلئے اپنی سرحدیں کھلی رکھیں۔
واضح رہے کہ طالبان کے مکمل کنٹرول کے بعد افغانستان سے غیر ملکیوں کا انخلاءتو جاری ہے ہی مگر اس کیساتھ ہی بڑی تعداد میں افغان شہری بھی دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔ 
افغانستان سے نکل جانے کی غرض سے کابل ائیرپورٹ پر بڑی تعداد میں شہری موجود ہیں جبکہ ایک روز قبل وہاں دہشت گردانہ کارروائی بھی ہوئی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ برطانوی میڈیا کے مطابق داعش نے کابل ایئر پورٹ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی۔ 
کابل کے ایئر پورٹ پر گزشتہ روز ہونے والے 3 دھماکوں میں کم سے کم 100 افراد ہلاک 150 زخمی ہوئے جن میں کم ازکم 95 افغان باشندے اور 13 امریکی فوجی شامل ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔