وزیراعظم نے ڈومیسٹک اور سکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دیدی

وزیراعظم نے ڈومیسٹک اور سکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ڈومیسٹک اور سکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دیدی ہے اور اس کیساتھ ہی وسطی پنجاب میں سکول کرکٹ چیمپین شپ کیلئے اپنی مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبداللہ خان سنبل نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ڈومیسٹک کرکٹ پر بریفنگ دی، اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان بھی موجود تھے۔ 
وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ کے دوران سکول کرکٹ سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کام کرنے والی تنظیم سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور ڈومیسٹک اور سکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے 15 ستمبر سے وسطی پنجاب میں شروع ہونے والی سکول کرکٹ چیمپین شپ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سکول کرکٹ میں حقیقی کرکٹ کے ٹیلنٹ پیدا کرنے اور ان کو تیار کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔