بلدیاتی اور کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، الیکشن کمیشن کا جوڈیشل آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ 

بلدیاتی اور کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، الیکشن کمیشن کا جوڈیشل آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلدیاتی اور کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے متعلق وفاقی و صوبائی حکومتوں کے روئیے پر جوڈیشل آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن ملک میں بلدیاتی و کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کے رویوں کو انتہائی نامناسب سمجھتا ہے اور اس سے شدید نالاں ہے جس کے باعث جوڈیشل آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے حوالے سے وفاقی حکومت کا رویہ انتہائی نامناسب ہے کیونکہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے فنڈز کیلئے پہلی بار الیکشن کمیشن کو ای سی سی کی راہ دکھائی گئی اور یوں اسے فنڈز کے حصول کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم آفس سے رجوع کرنا پڑا۔ 
الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ صوبائی حکومتیں بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جمہوری عمل میں رخنہ اندازی کی کوشش کررہی ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے کام لے رہی ہیں، وفاقی حکومت بلدیاتی انتخابات سے متعلق واضح اور دو ٹوک حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ایسی قانون سازی کرے جس سے صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار نہ ملے۔