برطانیہ کا کابل ائیرپورٹ سے شہریوں کے انخلاءکا عمل ختم کرنے کا اعلان

برطانیہ کا کابل ائیرپورٹ سے شہریوں کے انخلاءکا عمل ختم کرنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لندن: برطانیہ نے طالبان کے کنٹرول کے بعد کابل ایئرپورٹ سے شہریوں کے انخلا کا عمل آج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان دارالحکومت سے تمام اہل افراد کا انخلاءنہ ہونا افسوسناک ہے۔ 
برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف نک کارٹر نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کابل ایئرپورٹ سے شہریوں کے انخلا کا عمل آج ختم کیا جارہاہے، کابل سے تمام اہل افراد کا انخلا نہیں ہوسکے گا، جو بہت افسوسناک ہے۔
طالبان سے تعاون سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کہا کہ برطانیہ صرف عالمی قوانین کی پاسداری کرنے والی حکومتوں سے تعاون کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکی نے افغانستان سے اپنے تمام فوجی اہلکاروں اور شہریوں کا انخلاءمکمل کرنے کا اعلان کیا جس کی تصدیق ترک صدر رجیب طیب اردوان نے بھی کی۔ 
ترک صدر رجب طیب اردوان نے بوسنیا کے دورے کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان میں موجود ترکی کے تمام فوجی اہلکاروں اور شہریوں کے مکمل انخلاءکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں اس وقت ترکی کا چھوٹا تکنیکی گروپ ہی موجود ہے۔