کابل سے امریکی انخلا ، ایئرپورٹ کے 3 گیٹس کی سیکورٹی طالبان کے سپرد

کابل سے امریکی انخلا ، ایئرپورٹ کے 3 گیٹس کی سیکورٹی طالبان کے سپرد
سورس: فائل فوٹو

کابل : افغانستان سے امریکی انخلا آخری مراحل میں داخل ہوگیا جس کے بعد کابل کے ایئرپورٹ کے 3 دروازوں اور مختلف حصوں کی سکیورٹی طالبان کے سپرد کردی گئی۔

افغان میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے کابل ائیرپورٹ کے 3 دروازے اور مختلف مقامات خالی کردیے ہیں جس کے بعد ان کی سکیورٹی طالبان کے سپرد کردی گئی ہے۔

طالبان نے بھی ایئرپورٹ کی سکیورٹی سنبھالنے کی تصدیق کی اور کہا کہ امریکی فوجی ائیرپورٹ کے 3دروازوں اور دیگر حصوں سے ہٹ گئے ہیں جس کے بعد ان خالی حصوں کا کنٹرول طالبان کے پاس ہے۔

دوسری طرف امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی اور میجر جنرل ولیم ٹیلر نے پریس کانفرنس کی جس میں بتایا کہ افغانستان میں ڈرون حملےمیں داعش خراسان کے 2 جنگجو مارے گئے ہیں۔

 ترجمان کا کہنا تھاکہ گزشتہ دنوں 6800افراد کو کابل ائیرپورٹ سے نکالا گیا اور اب تک ایک لاکھ 17 ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے جن میں 5 ہزار400 امریکی بھی شامل ہیں۔

میجر جنرل ولیم ٹیلر کا کہنا تھا کہ افغانستان سے انخلا حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور اب کابل ائیرپورٹ سے امریکی فوجی بھی نکلنا شروع ہوگئے ہیں۔