پاک بھارت میچ سے قبل بابر اعظم کے بارے میں ورات کوہلی کا اہم بیان سامنے آگیا 

پاک بھارت میچ سے قبل بابر اعظم کے بارے میں ورات کوہلی کا اہم بیان سامنے آگیا 
سورس: File

دبئی : بھارت کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان  ورات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پہلی بار بابر اعظم سے سنہ 2019 کے ورلڈ کپ کے دوران ملے۔ انھوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ پاکستانی سٹار بابر ہمیشہ ان کے ساتھ 'عزت و احترام' کے ساتھ پیش آئے اور ان کے برتاؤ میں کامیابیوں کے بعد بھی تبدیلی نہیں آئی۔

سٹار سپورٹس کے ساتھ انٹرویو میں ورات کوہلی نے بابر اعظم کو فی الحال کرکٹ کی تینوں 'فارمیٹ میں دنیا کا ٹاپ بلے باز قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ وہ اس قسم کے کھلاڑی ہیں جس کی عالمی کرکٹ کو ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ سنہ 2019 کے ورلڈ کپ میں مانچسٹر کے میچ کے بعد میری ان کے ساتھ پہلی بات چیت ہوئی۔ وہ اور عماد (وسیم) تھے۔ عماد کو میں انڈر 19 کرکٹ سے جانتا ہوں، ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکے ہیں اور عماد نے کہا کہ بابر مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بیٹھ کر کھیل کے بارے میں بات کی۔ میں نے ان کی طرف سے بہت عزت و احترام کا اظہار دیکھا اور اس حقیقت سے قطع نظر اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی کہ وہ اس وقت تمام فارمیٹس میں دنیا کے ٹاپ بلے باز ہیں، اور مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

  

سابق انڈین کپتان نے کہا کہ  بجا طور پر ان میں حیرت انگیز ٹیلنٹ ہے اور میں ہمیشہ انھیں کھیلتے ہوئے دیکھ کر لطف اندوز ہوا ہوں۔ ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ اب پرفارم کر رہے ہیں اور اپنے رنگ میں آ رہے ہیں لیکن میرے متعلق ان کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جو کہ ان کی اچھی پرورش کی علامت ہے۔

کوہلی نے مزید کہا بابر کی کرکٹ کی بنیاد بھی بہت مضبوط ہیں۔ اس طرح کے کھلاڑی، اس قسم کے کردار بہت آگے جاتے ہیں اور بہت سے لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔ اور میں دیکھ رہا ہوں کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہو گا۔

مصنف کے بارے میں