دوست ممالک اور تارکین وطن سے اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں: آرمی چیف 

دوست ممالک اور تارکین وطن سے اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں: آرمی چیف 
سورس: File

خیرپور : چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سندھ کے سیلاب سے تباہ حال شہر خیر پور کا دورہ کیا۔ آرمی چیف متاثرین سے گھل مل  گئے۔ امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجیوں سے ملاقات کی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ میں چند دن سے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کررہا ہوں۔ کل میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا جبکہ آج میں خیر پور سندھ آیا ہوں۔یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ائیرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے۔اس سال سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اس کو ٹھیک ہونے میں، لوگوں کو ریلیف دینے اور بحال کرنے میں بہت سال لگ جائیں گے۔ ریلیف اور ریسکیو آپریشن جو تقریباَ ختم ہو چکا ہے لیکن اب بحالی کا معاملہ ہے، جو بہت سال لے گا۔اس کے لئے ہمیں پوری قوم کی مدد چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  دوست ممالک سے ہم نے بھی ہماری حکومت نے بھی درخواست کی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ دوست ممالک بھی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئیں گے اور میں حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے بیرون ملک مقیم اپنے دوستوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ان لوگوں کی مدد کریں جو بہت مشکل میں ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ  بہت مشکل صورتحال ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمیشہ کی طرح ہمارے تارکین وطن پاکستان میں اپنے گھر واپس آنے والے بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں