گھر میں میک اپ ریموور بنانے کے انتہائی اہم ٹوٹکے

گھر میں میک اپ ریموور بنانے کے انتہائی اہم ٹوٹکے

بازار سے خریدے جانے والے میک اپ ریموور میں شامل اجزاء کو پڑھیں تو آپ کیمیکلز کی ایک طویل لسٹ دیکھ کر حیران رہ جائیں گی کہ اتنے سارے کیمیکلز صرف میک اپ اتارنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں ۔ بازار سے خریدے گئے ریموور کے سائڈ افیکٹ بھی ہوتے ہیں خاص طور پر حساس جلد اس سے فوراً متاثر ہوتی ہے اور چہرے پر جلن ، مہاسے یا دوسری الرجی ہوجاتی ہے۔ دوسری طرف گھر میں تیار کیا جانے والا ریموور میک اپ کو نرمی سے صاف کرنے کے ساتھ جلد کو تازگی بھی فراہم کرتا ہے۔

کچھ میک اپ ریموور جو آپ قدرتی اجزاء سے گھر پر با آسانی تیار کرسکتے ہیں۔

۱۔ کھیرے اور دودھ کامیک اپ ریموور:

کھیرے اور دودھ کا امتزاج نہ صرف میک اپ صاف کرتا ہے بلکہ جلد کو سکون بخشنے کے ساتھ پر رونق اور چمکدار بناتا ہے ۔
یہ کلینزر بنانے کے لیے کھیرے کو چھیل کر کچھ ٹکڑے گرائنڈ کرلیں تاکہ جوس نکل آئے اس میں تھوڑا سا دودھ ملا لیں ، اچھی طرح مکس کریں اور اس آمیزے میں روئی بھگو کر چہرے اور آنکھوں کا میک اپ صاف کریں ۔ دودھ جلد سے میک اپ کو چھڑانے اور کھیرا جلد کو سکون پہنچانے کا کام کرے گا ، بعد میں ہلکے فیس واش سے چہرہ دھولیں۔

۲۔ بیسن اور دہی کا میک اپ ریموور:
یہ فیس پیک چکنی جلد (جس پر مہاسے نکل آتے ہیں ) کے لیے بہترین ہے۔ یہ فیس پیک ایکنی پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو ختم کرتا ہے ، جلد کے مردہ خلیوں کو صاف کرنے کے ساتھ چہرے کو چمکدار بناتا ہے ۔ یہ کلینزر چہرے سے گرد، میل کچیل اور میک اپ کو بھی صاف کرتا ہے۔
دو کھانے کے چمچ بیسن میں ڈیڑھ کھانے کا چمچ دہی ملائیں ۔ اچھی طرح مکس کر کے صابن کے بجائے اس سے منہ دھوئیں ۔ روزانہ استعمال سے آپ کی جلد صاف شفاف اور چمکدار ہوجائے گی۔

۳۔ بے بی آئل میک اپ ریموور:
یہ گھر میں بنایا گیا ریموور تو نہیں لیکن اس کے اجزاء ہلکے ہوتے ہیں کیونکہ یہ بچوں کے لیے بنایا گیا ہے اس لیے میک اپ اتارنے کے لیے با لکل محفوظ ہے ۔ اس سے نا صرف چہرہ بلکہ آنکھوں کا میک اپ بھی صاف کیا جاسکتا ہے ۔
تھوڑا سا بے بی آئل لے کر روئی اس میں بھگوئیں اور چہرے اور آنکھوں پر لگا کر میک اپ صاف کریں ۔ بعد میں ہلکے فیس واش سے چہرہ دھولیں۔

۴۔ ملک پاؤڈر میک اپ ریموور:
یہ ریموور میک اپ کو مکمل طور پر صاف کردیتا ہے ۔ دیر تک رہنے والی لپ اسٹک اور فاؤنڈیشن اس سے با آسانی صاف ہوجا تے ہیں۔
تھوڑا سا خشک دودھ تھوڑے سے نیم گرم پانی میں ملائیں اور روئی کی مدد سے پورے چہرے پر لگاکر میک اپ صاف کریں۔

۵۔ زیتون ،بادام اور کھوپرے کے تیل کا میک اپ ریموور:

تیلوں کا یہ امتزاج چہرے سے گرد اور میک اپ (کتنا ہی زیادہ کیوں نہ ہو) آسانی سے صاف کرتا ہے۔
تینوں تیل برابر مقدار میں لیں ۔ چاہیں تو کھوپرے کا تیل چھوڑ بھی سکتے ہیں ۔ ان تیلوں کو آپس میں ملا کر چہرے اور آنکھوں پر لگائیں بعد میں نیم گرم پانی سے ہلکے فیس واش کے ساتھ دھولیں ۔