ان غیر ملکیوں کو فوری طور پر نکال دو "سعودی حکومت نے پاکستانیوں سمیت دوسرے غیر ملکیوں کو مشکل میں ڈال دیا"

ان غیر ملکیوں کو فوری طور پر نکال دو

 جدہ : سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو  سعودائزیشن کےنام پر ایک کے بعد ایک شعبے سے نکال کر ان کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب یہ سلسلہ گولڈ و جیولری کے شعبے تک بھی پہنچ گیا ہے۔

جس میں کام کرنے والے تمام غیر ملکیوں کو نکال کر ان کی جگہ سعودی شہریوں کو رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق مملکت کے سات انتظامی خطوں نے گولڈ و جیولری کی مارکیٹ کی ملازمتیں سعودی شہریوں کے حوالے کرنے کے عزم کا اظہار کردیا ہے۔

یہ پیشرفت سعودی وزارت محنت و سماجی ترقی کی جانب سے دو ہفتے قبل کئے گئے ایک اہم فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ متعدد دیگر شعبوں کے بعد گولڈ و جیولری مارکیٹ سے بھی غیر ملکیوں کو نکال کر سعودی شہریوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔


اس فیصلے پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کرنے والے خطوں میں قسیم، تبوک، نجران، باحا، اثیر، شمالی سرحد اور جازان شامل ہیں۔ سعودی عرب کے کل 13 انتظامی خطوں میں سے ان سات میں گولڈ و جیولری مارکیٹ میں سعودی شہریوں کی بھرتی کیلئے اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے۔ 


ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب میں 6000 سے زائد گولڈ و جیولری شاپس میں لگ بھگ 35 ہزار غیر ملکی کام کرتے ہیں۔ لیبر انسپکٹروں نے پہلے ہی ان دکانوں کے معائنے کی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

آنے والے دنوں میں ان اقدامات میں تیزی آئے گی جبکہ گولڈ و جیولری شاپس پر سعودی شہریوں کو ملازمتیں دلوانے کے لئے ان کی خصوصی تربیت کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔