یکم محرم کے بعد پہلی مرتبہ مملکت آنیوالے کا عمرہ پہلا تصور کیا جائیگا،شوریٰ

یکم محرم کے بعد پہلی مرتبہ مملکت آنیوالے کا عمرہ پہلا تصور کیا جائیگا،شوریٰ

ریاض: سعودی مجلس شوریٰ نے مملکت میں داخلے ، ٹرانزٹ ، روانگی اور خروج و عودہ ویزوں کی فیس پر عمل درآمد کی منظوری دیدی۔ اجلاس صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

معاون صدر شوریٰ ڈاکٹر یحییٰ الصمعان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر محمد ابو ساق کی موجودگی میں مملکت آمد، ٹرانزٹ، روانگی اور خروج و عودہ ویزوں کی فیس پر عمل درآمد کی تدابیر کی تکمیل سے متعلق مالیاتی کمیٹی کی رپورٹ زیر بحث آئی۔ الصمعان نے بتایا کہ ارکان شوریٰ نے فیس وصول کرنے کے طریقے اور مملکت میں قیام کی مدت نیز ویزے کی نوعیت اور متعلقہ ادارے کی بابت تفصیلات کی منظوری دیدی۔

مجلس شوریٰ نے طے کیا ہے کہ یکم محرم 1438ھ کے بعد سعودی عرب پہلی بار عمرے پر آنے والوں کا عمرہ پہلا مانا جائیگا۔ بشرطیکہ متعلقہ اداروں کے پاس اس سے قبل عمرے پر انکی آمد کا کوئی ثبوت نہ ہو۔ مجلس شوریٰ نے اندرون مملکت عطیات جمع کرنے اور خرچ کرنے کے قانون کے مسودے کی بھی منظوری دیدی۔ انہوں نے اس سلسلے میں سماجی و خاندانی امور کی کمیٹی کی رپورٹ پر بحث کی تھی۔کمیٹی نے پہلے سے منظور شدہ عطیات قانون کی 9دفعات میں ترامیم کردیں۔