ویرات کوہلی اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ جنوبی افریقہ روانہ

ویرات کوہلی اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ جنوبی افریقہ روانہ

نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اپنی شادی کی تقریبات کے بعد اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ جنوبی افریقا روانہ ہوگئے، جہاں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف 5 جنوری کو پہلا میچ کھیلیں گے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق ویرات اور انوشکا کو گذشتہ رات ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔اس موقع پر ویرات نیلے ٹریک سوٹ جبکہ انوشکا سیاہ اور سفید دھاری دار جمپ سوٹ اور بلیک جیکٹ میں نظر آئیں۔بھارتی اسٹار جوڑی سال نو کا استقبال ایک ساتھ کرے گی، جس کے بعد ویرات جنوبی افریقہ کے ساتھ شیڈول کرکٹ سیریز میں مصروف ہوجائیں گے۔
دوسری جانب انوشکا وطن واپس آکر ممبئی میں آنند ایل رائے کی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی، جس میں ان کے مدمقابل شاہ رخ خان ہوں گے، جبکہ فروری میں انوشکا، ورن دھون کے ساتھ فلم 'سوئی دھاگا' کی شوٹنگ کا بھی آغاز کردیں گی۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم، جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا میچ 5 جنوری کو کھیلے گی۔