ای سی ایل میں نام ڈالنے کا فیصلہ کورٹ نے نہیں حکومت نے کیا ہے، شیری رحمن

ای سی ایل میں نام ڈالنے کا فیصلہ کورٹ نے نہیں حکومت نے کیا ہے، شیری رحمن
کیپشن: فوٹو بشکریہ شیری رحمان آفیشل ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو   زرداری اور   آصف علی زرداری کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پی پی پی کی نائب صدر سنیٹرشیری رحمان نے اس حوالے سے جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس طرح کے میڈیا ٹرائل سے نہیں ڈرتی، بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈال کر ملک کو سیاسی انتقام کی طرف دھکیلا جا رہا ھے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی برسی کے دن ان کے خاندان کو ای سی ایل میں ڈالا گیا یہ قابل افسوس عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پر اس وقت کے مقدمات بنائے گئے ہیں جب وہ ایک سال کے تھے۔ ارکان پارلیمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی روایت غیر جمہوری ہے۔جمہوریت کے لبادے میں آمریت کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کبھی عدالتوں اور جیلوں سے نہی بھاگے۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے کا فیصلہ کورٹ نے نہیں حکومت نے کیا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ہم اسی ملک میں رہ کر سازش کا مقابلہ کریں گے۔ چار ماہ میں تحریک انصاف کے کتنے لوگ ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں، احتساب کا عمل یکطرفہ ہے، احتساب کرنا ہے تو سب کا  کریں۔