سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دے دی

سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دے دی
کیپشن: فوٹو بشکریہ: آئی سی سی آفیشل ٹوئیٹر اکاؤنٹ

سینچورین: جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ  میں پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دے دی، ہاشم آملہ 63 رنز بنا کر نا قابل شکست رہے۔ 

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب ساؤتھ افریقہ نے ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

پاکستان کی پہلی اننگز : 

پاکستان نے پہلی اننگز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 181 رنز بنا کر پویلین کی جانب لوٹ گئی ، ایک موقع پر پاکستان کے 111 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بابر اعظم کے 71 رنز کی بدولت پاکستان نے میچ میں کم بیک کیا اور 181 رنز کا مجموعہ بورڈ پر سجایا۔ 

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا ۔ اننگز کے آغاز میں پاکستان نے اوپنر امام الحق کو کھو دیا جو بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے ۔ساتھی اوپنر فخر زمان بھی وکٹ پر تھوڑی دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور 12 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کا نشانہ بنے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جنہوں نے 19 رنز بنائے اور اولیور کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے اور ایک بار پھر اولیور کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین کو چلتے بنے ۔اظہر علی کا ساتھ دینے کیلئے وکٹ پر بابر اعظم آئے لیکن اظہر علی ہی آؤٹ یو گئے انہوں نے 36 رنز بنائے ۔چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد بھی اسکورر کو زحمت دیے بغیر پویلین لوٹ گئے ۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عامر تھے جو 1 رنز بنا کر اولیور کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ یاسر شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ ہر ٹک نہ سکے اور انہوں نے صرف 4 رنز بنائے اور ربادا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 90 کے اسٹرائیک ریٹ کیساتھ 71 رنز بنائے اور ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ حسن علی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستان کیخلاف اپنا  پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اولیور نے6 ، کگیسو ربادا نے 3 جبکہ ڈیل اسٹین نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز :

افریقہ کی جانب سے اننگز کا آغاز ایڈم مارکرم اور ڈین ایلگر نے کیا ،اور 19 کے مجموعی اسکور پر ایڈم مارکرم 12رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر پویلین لوٹے ۔ اس کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاشم آملہ آٹھ رنز بنا کر محمد عامر کی گیند کا نشانہ بنے ۔چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈین ایلگر تھے جو 22رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے ، اسٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اگلی ہی گیند پر فاف ڈوپلیسی کو بھی پویلین بھیج کر پاکستان کی میچ میں گرفت مظبوط کر دی  لیکن بعد میں پانچویں وکٹ کی شراکت داری جنوبی افریقہ کو میچ میں واپس لے آئی ۔

براؤن اور بواما کے درمیان 67 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ۔پانچویں اور آج کے دن کی آخری وکٹ براؤن گری جو محمد عامر کی گیند پر 112کے مجموعی اسکور اور 29رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔پہلے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 5 وکٹیں گنوا دیں تھی ۔

دوسرے دن کھیل کے آغاز ہوا تو محمد عامر نے ٹیم کو پہلی کامیابی ڈیل اسٹین کی صورت میں دلائی جو 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے ، بواما ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے 53 رنز کی شاندار باری کھیلی وہ شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے ۔جنوبی افریقہ کی آٹھویں وکٹ مہاراج کی صورت میں گری جو 4 رنز بنا حسن علی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کگیسو ربادا تھے جو 19 رنز بنا شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین لوٹے ۔آخری اور دسویں وکٹ کوئنٹن ڈی کوک کی شکل میں گری جو محمد عامر کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے لیکن تب تک جنوبی افریقہ نے 223 رنز بنا لیے تھے پاکستان پر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی ۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 جبکہ حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

پاکستان کی دوسری اننگز :

جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے 223 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔اور 44 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 12 رنز بنا کر اولیور کی گیند کا شکار ہو گئے اور پویلین لوٹ گئے ۔ امام الحق کا ساتھ دینے کیلئے وکٹ پر شان مسعود آئے اور دونوں کے درمیان 57 رنز کی پارٹنرشپ بنی اس موقع پر امام الحق کی ہمت جواب دے گئی اور اولیور کی گیند پر 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔

وکٹ پر موجود شان مسعود کا ساتھ دینے کیلئے تجربہ کار بلے باز اظہر علی آئے اور اسکورر کو زحمت دیے بغیر پویلین لوٹ گئے ۔انہیں بھی الیور نے آؤٹ کیا ۔ بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں اسد شفیق 6 ، بابر اعظم 6 رنز بنا کر بالترتیب ڈیل اسٹین اور کیگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد پہلی اننگز کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے پھر صفر پر آؤٹ ہوے انہیں ربادا نے ڈوپلیسی کی مدد سے آؤٹ کیا۔

سرفراز احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے کیلئے محمد عامر آئے اور 12 رنز بنا کر ربادا کا شکار بنے ۔یاسر شاہ بھی ایک گیند کے مہمان ثابت ہوئے اور صفر پر اولیور کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔نویں آؤٹ ہونے کھلاڑی شان مسعود تھے جنہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی ،شان مسعود ڈیل اسٹین کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔آخری آؤٹ ہونے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو اولیور کی گیند پر سلی پوائنٹ میں مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اولیور نے ایک پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،انہوں نے پہلی اننگز میں بھی 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ۔ کگیسو ربادا نے 3 جبکہ ڈیل اسٹین نے 2 کھلاڑی پویلین بھیجے ۔

جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز :

جنوبی افریقہ کی ٹیم  پاکستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں تیسرے دن بیٹنگ کیلئے آئی تو دوسری ہی گیند پر اوپنر ایڈم مارکرم کو حسن علی نے پویلین بھیج کر خطرے کی گھنٹی بجا دی لیکن بعد میں آنے والے بلے باز ہاشم آملہ نے ڈین ایلگر کیساتھ مل کر 119 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی ۔دوسرے آؤت ہونے والے بلے باز ایلگر تھے جنہیں پارٹ ٹائم باؤلر شان مسعود نے آؤٹ کیا ۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز برائین تھے جنہیں یاسر شاہ نے کپتان سرفراز احمد کی مدد سے 10 رنز پر پویلین بھیج دیا ۔چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی تھے جو پہلی اننگز کی طرح اس اننگز میں بھی صفر پر آؤت ہوئے انہیں شاہین شاہ آفریدی نے حسن علی کی مدد سے آؤٹ کیا۔ تاہم دوسرے جانب ہاشم آملہ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ۔

ہاشم آملہ نے 63 رنز کی شاندار باری کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے ، بواما بھی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔

مین آف دی میچ :

جنوبی افریقہ کے اولیور کو میچ کی دونوں اننگز میں شاندار باؤلنگ کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں جبکہ دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں ۔

ریکارڈ مزید خراب :

خیال رہے کہ اس میچ سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 23 میچز کھیلے گئے جس میں 4 میچز میں پاکستان جبکہ 12 میچز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچز میں 7 میچز ڈرا ہوئے ۔ اس میچ کی ہار کیساتھ پاکستان کا جنوبی افریقہ کیخلاف ریکارڈ مزید خراب ہو گیا ہے ۔

سیریز میں جنوبی افریقہ کی برتری :

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 11 جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا ۔