مسلم لیگ (ن) نے نیب ترمیمی آرڈیننس مسترد کر دیا

 مسلم لیگ (ن) نے نیب ترمیمی آرڈیننس مسترد کر دیا
کیپشن: سلیکٹڈ حکومت کا نیب آرڈیننس اپنی کرپٹ حکومت اور دوستوں کو این آر او دینے کی سازش ہے، مریم اورنگزیب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اپنی کرپشن کو نیب آرڈیننس کے ذریعے چھپانا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نیب ترمیمی آرڈیننس 2019ء کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی حکومت کے ہر منصوبے کی انکوائری روکنے کے لئے نیب آرڈیننس لا رہے ہیں ، سلیکٹڈ حکومت کا نیب آرڈیننس اپنی کرپٹ حکومت اور دوستوں کو این آر او دینے کی سازش ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اگر چوری نہیں کی تو اپنی حکومت کے کرپشن میں ڈوبے منصوبوں کی نیب انکوائری بند کرنے کے لئے آرڈیننس کیوں لا رہے ہیں؟ آپ جیسے جھوٹے، چور اور کرپٹ لوگ این آر او اور اداروں کو استعمال کر کے احتساب کا راستہ روکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب پشاور میٹرو، مالم جبہ اور ہیلی کاپٹر مقدمات میں نیب تفتیش رکوانے کے لئے آرڈیننس لا رہے ہیں لیکن پشاور میٹرو کے ایک کھرب 25 ارب کے کھڈے این آر او پلس سے نہیں چھپائے جا سکتے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ دوسروں سے 40 سال کا حساب لیکن علیمہ باجی، فیصل واوڈا اور جہانگیر ترین کو این آر او دیا گیا جبکہ اب اپنی حکومت اور دوستوں کی چوری چھپانے کے لئے نیب گٹھ جوڑ کے ذریعے این آر او پلس لایا جا رہا ہے۔ اپنی کرپشن کو نیب آرڈیننس کے ذریعے چھپانا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔