او آئی سی کا کشمیر پر اجلاس پاکستان میں بلانے کا فیصلہ

او آئی سی کا کشمیر پر اجلاس پاکستان میں بلانے کا فیصلہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی، او آئی سی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعظم کی درخواست پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے او آئی سی کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرا دی۔


تفصیلات کے مطابق، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرا دی ہے، اجلاس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، ترکی، انڈونیشیا ودیگر ممالک کی شرکت متوقع ہے۔


ذرائع کے مطابق او آئی سی کا آئندہ اجلاس اسلام آباد میں ہو گا، او آئی سی اجلاس کا سرفہرست ایجنڈا مقبوضہ وادی کی صورتحال، بھارت میں شہریت کے متنازع بل کے بعد کی صورتحال ہو گی۔ اسلامی سربراہی کانفرنس کا وزرائے خارجہ اجلاس ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سمٹ کے بعد خصوصی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے حالیہ کامیاب کوالالمپور سمٹ کے بعد او آئی سی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی وزیر خارجہ پرنسل فیصل بن فرحان السعود نے حالیہ دورے میں وزیراعظم کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق او آئی سی کے کم فعال کردار پر ملائشیا، ترکی، انڈونیشیا، قطر، ایران سمیت دیگر مسلم ممالک کو تحفظات ہیں، تحفظات کے باعث ملائیشیا میں ہونے والی سمٹ کو متبادل پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والی سمٹ کے دوران عالمی سطح پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اس سمٹ کو او آئی سی کے متبادل کے طور پر مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس سمٹ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شرکت کا اعلان کیا تاہم سعودی عرب کے دباؤ کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اپنا دورہ ملائیشیا منسوخ کر دیا۔

اس کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے معاشی دباؤ کی وجہ سے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی۔