مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

Bad news for people afflicted by inflation, possibility of increase in prices of petroleum products
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارت خزانہ کو بھجوائی گئی سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر عملدرآمد ہو گیا تو حکومت عوام کو نئے سال پر مزید مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یکم جنوری 2020ء سے ملک بھر میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں دو روپے چھہتر پیسے اضافے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اوگرا کی جانب سے وزارت خزانہ سے ڈیزل کی قیمت میں تین روپے بارہ پیسے فی لیٹر تک اضافے کا کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ابھی حکومت نے ابھی 15 دسمبر کو ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی تھیں۔ پیٹرول کی قیمت میں حکومت کی جانب سے تین روپے اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت عام صارفین کیلئے پیٹرول 103 روپے 69 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل پیٹرول کی قیمت سو روپے 69 پیسے تھی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی دیگر پراڈکٹس کی بات کی جائے تو ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک سو آٹھ روپے چوالیس پیسے کر دی گئی تھی، جو اس سے قبل ایک سو پانچ روپے ترتالیس پیسے تھی۔

اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کرکے اس کی فی لیٹر قیمت ستر روپے انتیس پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 67 روپے 86 پیسے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔