ماضی میں عوامی ترجیحات نظر انداز کرکے ذاتی پسند پر منصوبے بنے، وزیراعلیٰ پنجاب

In the past, plans were made on personal preference, ignoring public preferences, Punjab Chief Minister
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں عوامی ترجیحات نظر انداز کرکے ذاتی پسند پر منصوبے بنے۔ قومی وسائل من پسند علاقوں پر خرچ کرکے عوام سے ظلم کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں پسماندہ علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے تاہم موجودہ حکومت نے یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے نظر انداز علاقوں میں پہلی بار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ بنیادی ضرورتوں کو مدنظر رکھ کر منصوبے ترتیب دیئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام سے رشتہ گڈی گڈے کیلئے ڈراؤنا خواب ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو، عمران خان پر لاحاصل تنقید کر رہے ہیں۔ سندھ میں تیسری بار اقتدار، کارکردگی بس جعلی اکاؤنٹ تک محدود ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ بلاول بھٹو جتنا بھی چیخیں، انھیں اربوں کا حساب دینا ہوگا۔ پی ڈی ایم کی کشتی ملاح کے بغیر بیچ منجدھار غوطہ زن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بیروزگار ٹولے کے نام نہاد رہنما گڑھی خدا بخش نہ آئے۔ گڑھی خدا بخش نہ آنا شدید اندرونی اختلافات کی داستان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے دوران پنڈال خالی ہو گیا تھا۔

انہوں نے سیاسی مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بچے کی اقتدار کے کھلونے سے کھیلنے کی ضد کو پذیرائی نہیں ملی۔ تیسری بار اقتدار اور کارکردگی صرف پاپڑ اور فالودے والوں کے جعلی اکاؤنٹ ہیں۔