وزیراعظم این آر او نہیں دیں گے ، شیخ رشید

وزیراعظم این آر او نہیں دیں گے ، شیخ رشید
سورس: سکرین شارٹ

اسلام آباد ، وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کچھ بھی کرسکتے ہیں لیکن این آر او نہیں دیں گے اور نہ ہی نیب ختم ہوگا ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ایک ہی موقف ہے  اپوزیشن سے مذاکرات ہوں یا نہ ہوں لیکن این آر او نہیں ملے گا۔  سب کی لڑائی عمران خان سے کم اور نیب سے زیادہ ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ آپ دیکھیں گے یہ استعفے نہیں دیں گے اور سینیٹ کے الیکشن میں شرکت بھی کریں گے ۔ 

کمپیوٹرائز استعفوں کا کوئی مطلب نہیں ہوتا اگر دینے ہیں تو ہاتھ سے لکھ کر دیں ۔ آصف زرداری نے جیلیں بھرنے کی بات کی ہے آصف زرداری نے جیل سے زیادہ ہسپتال میں وقت گذارا ہے ان کو پتہ ہے کہ جیل کے اثرات سے کیسے بچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا لانگ مارچ اور لونگ مارچ میں فرق ہوتا ہے ۔ اگر یہ اسلام آباد آتے ہیں تو ہم استقبالیہ کیمپ لگانے پر غور کریں گے  ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ تمام گاڑیوں کو یکم جنوری سے ایک دن میں رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ای اسٹیمپ شروع کیاجارہا ہے.اسلام آباد میں پٹواریوں کاخاتمہ کریں گے آرام کو حرام سمجھتا ہوں بہت جلد بہتری آئے گی ۔