ای سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، نفیس ذکریا

ای سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، نفیس ذکریا

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں ای سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے.

سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اجلاس کے لیے بڑی حوصلہ افزا صورت ہے اس اجلاس میں کئی ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم شرکت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا خطہ انتہائی اہم دور سے گزر رہا ہے اقتصادی اور سیاسی حوالے سے پوری دنیا میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں اس وقت پوری دنیا کی توجہ اکنامک پر مرکوز ہے اور اقتصادی حوالے سے اپنے بلاک کو بڑھانا چاہتی ہے اسی طرح ای سی او کے ریجن کے لوگوں سے بھی یہی توقعات وابستہ ہیں کیونکہ اس خطے میں کافی مقدار میں معدنی ذخائر ہیں افرادی قوت ہے غرضیکہ اس خطے میں کسی چیز کی کمی نہیں بہت کچھ ہے پاکستان کے لیے یہ بڑی اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان اس وقت ای سی او 13ویں سربراہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جب اس کے لیے انتہائی مناسب وقت ہے اس اجلاس کا مقصد اقتصادی روابط کو بڑھانا ہے تمام رکن ممالک ای سی او کے اہداف کو حاصل کرنے کے خواہاں ہیں.

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور معاشی ترقی ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اگر معاشی ترقی ہو گی تو سیکورٹی کی صورتحال خود بخود بہتری کی طرف جائے گی جہاں تک افغانستان کا تعلق ہے تو وہ یہ بات اچھی طرح سمجھتا ہے کہ اقتصادی صورتحال کا بہتر ہونا سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر کرنے کی ضمانت ہے اقتصادی روابط سے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ افغانستان بھی مستفید ہو گا اور حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔