اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت کچھ دیر بعد ہو گی

اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت کچھ دیر بعد ہو گی

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ہو گی۔

آج احتساب عدالت نے صدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت تین ملزمان کو طلب کر رکھا ہے۔ ضمنی ریفرنس میں صدر نیشنل بینک کے علاوہ نعیم محمود اور منصور حسن شاہ کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ضمنی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسحاق ڈار کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے جرائم میں ملوث پائے گئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کرپشن سے غیر قانونی طور پر 48 کروڑ 20 لاکھ روپے اور 40 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز بنائے۔ حاصل کردہ رقم اسحاق ڈار کے ذرائع آمدن سے زیادہ ہے۔

ضمنی ریفرنس میں کہا گیا کہ مرکزی ملزم یا ان کی فیملی آمدنی کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

ملزم سعید احمد کے نام پر سات اکاؤنٹس کھولے گئے اور بادی النظر میں یہ اکاؤنٹس اسحاق ڈار اور ان کی کمپنیوں کے مفاد میں استعمال ہوئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں