ملک کا سب سے کرپٹ ادارہ نیب ہے: نہال ہاشمی

ملک کا سب سے کرپٹ ادارہ نیب ہے: نہال ہاشمی

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں ایک ماہ قید کی سزا پوری ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

جیل سے باہر آکر سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نواز شریف کے ساتھ کام کرنے سے صرف اللہ ہی روک سکتا ہے۔ انہوں نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سب سے کرپٹ ادارہ نیب ہے۔ لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نے نہال ہاشمی کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور شدید نعرے بازی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمہارے ہاتھ میں جیل بھیجنا ہو سکتا ہے، جان لینا ہو سکتا ہے لیکن عزت اور ذلت میرے رب کے ہاتھ میں ہے۔ نہال ہاشمی نے اپنے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگوائے۔

یاد رہے کہ نہال ہاشمی کو پاناما کیس کی جے آئی ٹی اور عدلیہ کے ججز کے خلاف دھمکی آمیز بیان دینے پر توہین عدالت میں ایک ماہ کی سزا سنائی گئی تھی۔