بلاول کا شہباز شریف، عمران خان کو کراچی سے الیکشن لڑنے کا چیلنج

بلاول کا شہباز شریف، عمران خان کو کراچی سے الیکشن لڑنے کا چیلنج

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف اور عمران خان کو کراچی سے الیکشن لڑنے کا چیلنج کر دیا۔

کراچی میں ممبر سازی مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ( ن) لیگ نے متنازع شخصیت کو پارٹی صدر بنایا ،شہباز شریف کو ماڈل ٹاؤن میں قتل عام، ملتان میٹرو اور آشیانہ کرپشن اسکینڈل میں جواب دینا ہے۔ عمران خان طالبان کی اوقاف فنڈ سے مدد کر رہے ہیں جو کے پی کے میں دہشتگردی کا سبب بنے گا۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل حل کر سکتی ہے۔

انہوں نے میوگیٹ اسکینڈل کو جھوٹا کیس قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاناما کیس سے توجہ ہٹانے کیلئے نواز شریف میمو گیٹ اسکینڈل کو زندہ کر رہے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ میمو گیٹ جعلی کیس تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاون میں بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، مسلم لیگ ن کو کسی متنازع شخص کو پارٹی صدر نہیں بنانا چاہئے تھا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی رابطہ مہم چلا رہی ہے۔

پی پی ہی واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے، عوام بیروزگاری، مہنگائی اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ملک کو خوش حال اور پر امن بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میڈیا کو آزاد ہونا چاہئے، پابندیاں اچھی چیز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مجھے کیوں نکالا سے کوئی غرض نہیں۔ عوام کا مسئلہ بیروزگاری، غربت اور دہشتگردی ہے جس کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہی موجود ہے۔ بلاول نے دعوی کیا کہ آئندہ وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزرائے اعلیٰ پیپلز پارٹی سے ہوں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی قائدین، رہنما اور کارکنان اگلے الیکشن کیلئے بھرپور تیاری کریں اور پارٹی کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں۔