پاک بھارتی کشیدگی،اقوام متحدہ نے ثالثی کی پیشکش کردی

پاک بھارتی کشیدگی،اقوام متحدہ نے ثالثی کی پیشکش کردی
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

نیویارک: پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے اقوام متحدہ بھی میدان میں آگیا ہے اور سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس نے ثالثی کی پیشکش کردی۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو ثالثی کی پیشکش کی۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ آج صبح وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جب کہ بھارت سے بھی مختلف سطح پر رابطے کیے ہیں۔

پاک بھارت کشیدہ صورتحال کو انتہائی تشویش سے دیکھ رہے ہیں، دونوں ممالک خطے میں امن اور استحکام کے لیے ذمہ داریاں ادا کریں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات پر زور دیا جارہا ہے تاہم پاکستان اور بھارت متفق ہوں تو ثالثی کے لیے تیار ہیں۔


خیال رہے کہ بھارتی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شپ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا۔