پاک-بھارت کشیدگی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا

پاک-بھارت کشیدگی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا
کیپشن: مشترکہ اجلاس میں بھارتی جارحیت پر بحث کے بعد متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک کی موجودہ صورتحال اور بھارتی جارحیت اور اس کے نتیجے میں پاکستان کی حکمت عملی پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا جس کے دوران اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اپوزیشن جماعتوں کے پرزور مطالبے پر حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا جو آج 3 بجے ہو گا۔

مشترکہ اجلاس میں بھارتی جارحیت پر بحث کے بعد متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی اور اراکین کی جانب سےمتحد ہو کر بھارت کو دوٹوک پیغام دیا جائے گا جب کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی بھی شرکت کا امکان ہے۔

اس سے قبل سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کیمرا اجلاس میں پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو مؤثر جواب دے دیا ہے اور بھارت کی جانب سے مزید حرکت کا خدشہ موجود ہے تاہم پاکستان کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

پارلیمانی رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں وہ متحد ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ جو امن و استحکام چاہتے ہیں وہ حاوی رہیں گے۔