ترک صدر نے بھارتی پائلٹ کو چھوڑنے کے فیصلے کو شاندار قرار دے دیا

 ترک صدر نے بھارتی پائلٹ کو چھوڑنے کے فیصلے کو شاندار قرار دے دیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھارتی پائلٹ کو چھوڑنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ایک شاندار فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے پارلیمنٹ میں شاندار تقریر پر مبارکباد دی ۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردگان نے جمعرات کی شام فون کیا۔ ترک صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو پارلیمنٹ میں بہترین تقریر کرنے ، ایک حقیقی سٹیٹس مین کے طور پربھارت کو کشیدگی کے خاتمے کی آفر کرنے اور امن مذاکرات کی دعوت دینے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے پاکستانیوں اور کشمیریوں کی حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بھارت ایک مرتبہ پھر آفر کی تھی کہ انہیں امن مذاکرات شروع کرنے چاہییں۔ انہوں نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کی رہائی کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زیر حراست بھارتی پائلٹ کو جمعہ کو رہا کیا جائے گا۔