امریکا میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کی مہم کا اعلان

امریکا میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کی مہم کا اعلان
کیپشن: کورونا کے انسدادی فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی مہم کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ چینی مسافروں پر پابندی کے باعث امریکا میں کورونا وائرس کا خطرہ بہت کم ہو گیا ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ابتدا میں حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کورونا کے انسدادی فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا میں کورونا وائرس کا خطرہ بہت کم ہے اور ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق ابھی 15 افراد میں کورونا کی نشاندہی ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں مرض بالکل ختم ہو جائے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وائرس کی وجہ سے حالیہ دنوں اسٹاک مارکیٹ نیچے جا رہی ہے جو کہ ٹھیک ہو جائے گی۔

دوسری جانب آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ کورونا وائرس دنیا میں بہت جلد وبائی مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وبائی مرض کا خطرہ ہم پر بہت زیادہ ہے اور اس وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔