ہم نے سرکار کے خرچے پرنہیں،گھر جلا کے سیاست کی ہے، احسن اقبال

ہم نے سرکار کے خرچے پرنہیں،گھر جلا کے سیاست کی ہے، احسن اقبال

اسلام آباد :مسلم لیگ (ن) کے  جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عدالتوں میں ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہیں جب کہ مافیا آزاد پھر رہا ہے، مجھے اچھے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے سرکار کے خرچے پر سیاست نہیں کی۔


نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کی ، اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ایف آئی اے کا چلان آج پیش کیا گیا اس میں آپ کا نام نہیں ہے کیا کہیں گے؟احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اور نیب کی بدنیتی دیکھیں گوجرانوالہ سے ایسی انکوائری منتقل کی گئی جس میں نہ میں ملزم ہوں نہ میں مطلوب ہوں، مجھے کیس میں زبردستی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے ظاہر ہے کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو ہراساں کرنا مقصد ہے، میرے بھائی کو جو پبلک آفس ہولڈر ہے نہ سرکاری ملازم ہے اسے بھی نیب ہراساں کر رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ میٹرو پنڈی منصوبے کا وہ کنٹرکٹر بھی نہیں، سب کنٹریکٹر ہے اس کو بلا کے ہراساں کیا جا رہا ہے، مقصد دبائوڈالنا ہے۔نون لیگی رہنما نے کہاکہ میرا نیب کو چیلنج ہے جب میں 1993میں سیاست میں آیا تھا اس وقت کے میرے اثاثے جو تھے اس سے 1روپیہ بھی زیادہ نہیں ہوا، ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے سرکار کے خرچے پر سیاست نہیں کی۔