ندا ڈار  نے ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سنچری مکمل کرلی

ندا ڈار  نے ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سنچری مکمل کرلی

اسلام آباد :آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کےلئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل آل راؤنڈر ندا ڈار نے انگلینڈ کے خلاف اپنا 100 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا ،ندا ڈار کو یہ اعزاز عالمی کپ کے دوران انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں شیڈول میچ میں حاصل ہوا۔

33 سالہ تجربہ کار کھلاڑی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والی تیسری کرکٹر ہیں۔

انہوں نے تاحال پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ وہ اپنے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 17.76 کی اوسط سے 94 وکٹیں اور 95.83 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1104 رنز بنا کی ہیں۔

ندا ڈار کے علاوہ کپتان بسمہ معروف اور ثناءمیر کوپاکستان کی جانب سے100 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بسمہ معروف تاحال 107 اور ثناء میر 106 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔

ندا ڈار نے کہا کہ 100ویں ٹی ٹونٹی میچ کے لیے میدان میں اترنا ان کے لیے اعزاز کا باعث ہے اور وہ اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ تیزی سے فروغ پارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سمیت اب تک صرف 3 پاکستانی کھلاڑی یہ اعزاز حاصل کرسکیں مگر جس تیزی سے پاکستان میں ویمنز کرکٹ کو پذیرائی مل رہی ہے، انہیں یقین ہے کہ آنے والی کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد یہ ہندسہ جلد عبور کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

تجربہ کرکٹرز نے کہا کہ وہ اس یادگار موقع پر اپنے کوچز کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کیرئیر میں ان کا ساتھ نبھانے پر اپنے اہل خانہ اور دوستوں کی مشکور ہیں۔