خبردار، ہوشیار! پیٹرول بم گرنے کو تیار

Warning, be careful! The petrol bomb is ready to fall
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارت خزانہ کو پیٹرول کی قیمتیں 20 روپے 7 پیسے بڑھانے کی بھاری تجویز دی گئی ہے۔

اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر حکومت کس حد تک عملدرآمد کرتی ہے، اس بات کا فیصلہ آج رات تک ہو جائے گا۔ پیٹرول کی نئی قیمتیں رات 12 بجے سے نافذ العمل ہونگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے پیٹرول کو فی لیٹر بیس روپے سات پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر پیٹرولیم مصنوعات میں ڈیزل کو فی لیٹر 19 روپے 61 پیسے بڑھانے کی سمری بھی بھجوائی گئی ہے۔

خبریں ہیں کہ اوگرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تجویز کی گئی ہیں، ان کا تعین موجودہ لیوی پر کیا گیا ہے جو تیس روپے فی لیٹر بنتی ہے۔

خیال رہے کہ پیٹرول فی لیٹر پر ابھی تک جو لیوی عائد ہے وہ 17 روپے 97 پیسے جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی اٹھارہ روپے چھتیس پیسے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر حکومت کی جانب سے غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان ہی کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس وقت پیٹرول کی قیمت ایک سو گیارہ روپے نوے پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت ایک سو سولہ روپے سات پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت اسی روپے انیس پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت اناسی روپے تیئس پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔