صدر مملکت کا خیبرپختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کی ایڈوائس واپس لینے کا فیصلہ

صدر مملکت کا خیبرپختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کی ایڈوائس واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کی ایڈوائس واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ صدر مملکت خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن واپس لے لیں گے۔
انہوں نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ کے پی میں گورنر نے اسمبلی تحلیل کی، الیکشن کی تاریخ دینا بھی ان کا ہی اختیار ہے۔
اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اب تک صدر مملکت نے خیبرپختونخواہ کی حد تک اپنی ایڈوائس واپس کیوں نہیں لی؟ جس پر وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ صدر مملکت جلد ایڈوائس واپس لیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے وکیل نے عدالت کے روبرو اعتراف کیا کہ صدر کے پاس خیبرپختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں تھا، انہوں نے کے پی میں تاریخ دے کر آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔ 
اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان کر کے ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین نہیں کی؟ جس پر کیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ صدر مملکت ہائیکورٹ میں فریق نہیں تھے۔ 

مصنف کے بارے میں