سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا آئندہ الیکشن کی تیاری کا آغاز ہو گیا ہے۔ کارکن اگلے سال کے الیکشن کیلئے ابھی سے تیاری شروع کر دیں۔ حکومت نے عوام کی بہتری کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے عوام کی بہتری کیلئے سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ سمبڑیال میں یونیورسٹی کمیپس کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے سیالکوٹ کو ایسے منصوبے دیئے ہیں جو کسی حکومت نے آج تک نہیں دیئے۔
خواجہ آصف نے کہا مخالفین نے ہر قدم پر رکاوٹیں کھڑی کرنی کی کوشش کی۔ 2018 میں لوڈشیڈنگ کے وعدے سے سرخرو ہونگے۔ ٹھوس اقدامات کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے اور جب آئے تو ریلوے سسک رہی تھی لیکن کچھ ہی عرصے میں ریلوے کی حالت بدل گئی۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی راہ پر گامزن ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا جب تک سوچ نہیں بدلے گی تب تک دہشتگردی کو جڑ سے نہیں اکھاڑ سکتے۔ پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ امن و امان کے قیام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا مذہب کے نام پر کاروبار سے اتحاد پیدا نہیں ہو سکتا۔