یہ نہیں ہو گا ووٹ نواز شریف لیں اور پالیسی عمران خان بنائے: سعد رفیق

یہ نہیں ہو گا ووٹ نواز شریف لیں اور پالیسی عمران خان بنائے: سعد رفیق

سیالکوٹ: وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا 2013 میں آئے تو ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا اور آج لوڈشیڈنگ میں کمی ہو گئی ہے۔ دہشتگردی کی آگ نے سارے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔ ہماری حکومت کے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے دہشتگردی کے واقعات میں بھی کمی ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کراچی مقتل گاہ بنا ہوا تھا لیکن اب کراچی شہر کی روشنیاں دوبارہ لوٹ رہی ہیں۔ ہم نے وعدے کے مطابق دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے وعدہ کیا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری ملک میں لیکر آئیں گے اور آج اللہ کے فضل سے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کے منصوبوں پر کامیابی سے کام جاری ہے۔ خواجہ آصف نے کہا پاکستان کے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

سعد رفیق نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا دھرنے والوں نے ملک کا تماشہ بنایا اور 2 جنونی لیڈروں نے اسلام آباد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ہم جیلوں میں تھے تو وہ بین الاقوامی آوارہ گردی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا یہ نہیں ہو گا ووٹ نواز شریف لیں اور پالیسی عمران خان بنائے۔ چند لوگوں کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور جھوٹ بولنے والوں کو سچ سُننے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔