زینب قتل کیس ازخود نوٹس سماعت سپریم کورٹ نے شاہد مسعود کے الزامات کی تحقیق کیلئے نئی جے آئی ٹی بنادی

زینب قتل کیس ازخود نوٹس سماعت سپریم کورٹ نے شاہد مسعود کے الزامات کی تحقیق کیلئے نئی جے آئی ٹی بنادی

لاہور:سپریم کورٹ نے شاہد مسعود کے الزامات کی تحقیق کیلئے نئی جے آئی ٹی بنادی جس کے سربراہ بشیر میمن ہونگے۔

فل بنچ نےزینب قتل کیس کا چالان جلد از جلد عدالت پیش کرنے کی ہدایت کی اورپراسیکیواٹر جنرل پنجاب احتشام قادر کو کیس کی نگرانی کیلئے حکم دیا جبکہ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ کی جانب سے مستقبل میں کمیشن یا جوڈیشل کمیشن بنانے پر پابندی عائد کر دی۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زینب قتل کیس ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ آئندہ کوئی کمیشن نہیں بنائے گا، تفتیش اصل طریقہ ہے، کمیشن بنا کر معاملہ کھوہ کھاتے ڈال دیا جاتا ہے، سلیم شہزاد کے قتل پر کمیشن بنا لیکن آج تک پتہ نہیں لگا کہ انھیں کس نے قتل کیا۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کو جے آئی ٹی سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے تخفظ کے لیے بیٹھے ہیں، اگر سچ ثابت ہوا تو آپ کو ٹاپ جرنلسٹ کا سرٹیفکیٹ دیں گے اگر دعویٰ غلط نکلا تو انسداد دہشتگردی کی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے شاہد مسعود کے غیر متعلقہ باتیں کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور اینکر سے ثبوت مانگ لیے۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ جو آپ نے بتایا آپ اسے ثابت نہ کر سکے،آپ نے ان باتوں کو تسلیم کیا،رات آپ کا 12بجے آپ کا پروگرام سنا اور صبح آپ کو بلایا،سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی بنی،جس جے آئی ٹی کے سامنے آپ کو پیشی کا کہا اس میں ڈی پی او قصور شامل ہیں۔

ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ آپ جے آئی ٹی سے پوچھیں ملزم نے بچی کو کہاں رکھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ مفروضوں پر بات کر رہے ہیں یہ تفتیش اور پروسکیوشن کا معاملہ ہے،جو بنک اکاؤنٹس آپ نے بتائے ان کا کوئی وجود نہیں، آپ شہادت پر اعتراض کر رہے ہیں، اپنے الزامات تک محدود رہیں اس سے آگے نہ بڑھیں۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ اگر میری بات نہیں سنی جاتی تو میں چلا جاتا ہوں، رائو انوار کی طرح فرار ہوجائوں گا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے نہیں جانے دوں گا، یہ میاں ثاقب نثار ہے۔ثبوت نہیں دیئے تو عدالت سے باہر نہیں جانے دیں گے،نام ای سی ایل میں ڈال دیں گے جبکہ شاہد مسعود نے کہا کہ میں پرائیوٹ طیارے میں چلا جائوں گا۔