پی ایس 94 ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم نے سیٹ جیت لی

پی ایس 94 ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم نے سیٹ جیت لی
کیپشن: ایم کیو ایم پاکستان کے سید ہاشم رضا 21537 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی کے ضلع کورنگی میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 94 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار نے کامیابی حاصل کر لی۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 94 کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

پی ایس 94 پر ایم کیو ایم کے سید ہاشم رضا، تحریک انصاف کے اشرف قریشی، پاک سر زمین پارٹی کے محمد عرفان وحید، مہاجر قومی موومنٹ کے عامر اختر اور پیپلز پارٹی کے جاوید شیخ سمیت 13 امیدوار میدان میں تھے۔

حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیکر ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا تاہم پولنگ کے عمل کے دوران کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

حلقے کے مکمل 149 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سید ہاشم رضا 21537 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ تحریک انصاف کے اشرف قریشی 8970 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔