نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پرسماعت 6 فروری تک ملتوی

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پرسماعت 6 فروری تک ملتوی
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:نوازشریف جیل میں رہیں گے یا رہائی پائیں گے ؟ طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پرسماعت 6 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ یہ درخواست سزامعطلی درخواست میں اضافہ ہے ، اس میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی مانگی گئی ہے،نوازشریف کی صحت سے متعلق فیملی تشویش سے دوچار ہے ۔

عدالت کے استفسار پر نوازشریف کے وکیل نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ کی مکمل رپورٹ انہیں نہیں ملیں ،اب جو نیا میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے ، اس کی رپورٹ عدالت منگوالے ۔

جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کیا پہلے آنے والی رپورٹس میں کوئی علاج تجویز کیا گیا ہے ، جس پر خواجہ حارث نے دونوں رپورٹس عدالت میں پڑھ کر سنائیں کہ نواز شریف کو گردے میں تیسرے درجے کی بیماری ہے جبکہ میڈیکل بورڈ نے گردے اور دل کے عارضے کے باعث نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔لہذا عدالت نیب کو نوٹس جاری کر دے اور سپیشل بورڈ کی رپورٹ منگوا کر دیکھ لے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا اورنواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس بھی طلب کر لیں ۔کیس کی مزید سماعت 6 فروری کو ہوگی۔