وزیراعظم کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

 وزیراعظم کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو وفاقی کابینہ میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق بات چیت کے بارے میں بتایا۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کی تقرری کے لیے نام دے دیے ہیں، مزید نام نہیں دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے کہا کہ ہم جو نام دے چکے انہیں میں سے کسی کو آئی جی لگایا جائے، اب کوئی اور نام نہیں دیں گے۔

قبل ازیں سندھ کابینہ کے اجلاس میں بھی نئے آئی جی سندھ کی تقرری کا معاملہ زیر بحث آیا۔اس دوران صوبائی وزراء نے وزیراعظم عمران خان کی یقین دہانی کے باوجود نئے آئی جی کی تقرری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔