ویرات کوہلی کو عدالت کا نوٹس جاری 

ویرات کوہلی کو عدالت کا نوٹس جاری 

نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پر آن لائن رمی کوفروغ دینے کا الزام لگ گیا ہے ، بھارتی عدالت نے شہرہ آفاق بلے باز کو باقاعدہ قانونی نوٹس بھیج دیا ہے ۔ 

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیرالا ہائی کورٹ نے ممتاز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو قانونی نوٹس بھیجا ہے ، ان پر الزام ہے کہ وہ آن لائن رمی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں ۔ 

ذرائع ابلاغ کے مطابق کیرالا ہائی کورٹ نے قانونی نوٹس اس پٹیشن کے جواب میں بھیجا ہے جوعدالت عالیہ میں دائر کی گئی ہے ۔ عدالت میں دائر کی جانے والی پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ آن لائن رمی پر پابندی عائد کی جائے۔

دائر پٹیشن کی سماعت عدالت عالیہ کا دو رکنی بینچ کررہاہے ، جس میں چیف جسٹس کیرالا ہائی کورٹ ایس مانی کمار اور جسٹس انیل شامل ہیں ۔ 

کیرالا ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے والے کا اس سلسلے میں موقف ہے کہ آن لائن رمی بہت مقبول ہے اور اس پر قانوناََ پابندی عائد ہونی چاہیے ۔ 

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آن لائن رمی دراصل ایک محدود پیمانے پر جوئے کی شکل ہے اور معروف شخصیات اس کو فروغ دینے کا سبب بن رہی ہیں ۔