ٹائیفائیڈ ویکسین کے پروگرام میں پوری طرح شامل ہو رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

Firdous Ashiq Awan is fully involved in the typhoid vaccine program
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹائیفائیڈ ویکسین کے پروگرام میں پوری طرح شامل ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہسپتالوں کی ری سٹرکچرنگ کے حوالے سے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ کیئر پروگرام کو سرفہرست رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائیفائیڈ ویکسین کے پروگرام میں پوری طرح شامل ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں ٹائیفائیڈ ویکسین کو لانچ کرنے جا رہے ہیں۔ حکومتی پلیٹ فارم سے کل ویکسین کی باضابطہ لانچنگ ہوئی۔ ایک لاکھ 93 ہزار بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسین کی سہولت میسر ہوگی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ غریب اور مستحق افراد کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پی ٹی آئی منشور پر عمل کی ترجیحات طے کی گئی ہیں۔ پاکستان پہلا ملک ہے جو یہ کارخیر کرنے جا رہا ہے۔ حکومت کی ترجیحات بھی اس پروگرام کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں بھی عوام کے مسائل کو حل کیا ہے۔ ہسپتالوں کا سٹرکچر ٹھیک کرنے کیلئے بھی حکومت نے پیسے خرچ کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے 10 ارب کے فنڈز ہسپتالوں کیلئے جاری کئے۔ حکومت نے وبائی مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے 14 ارب روپے خرچ کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر قیادت ہیلتھ کوریج پروگرام شروع کر رہے ہیں۔