سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان شادی کے بعد پریشان

سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان شادی کے بعد پریشان
سورس: File photo

ممبئی، بھارتی اداکارہ ثناء خان ماضی یاد کروانے پر دلبرداشتہ ۔ 

اسلام کی خاطر شوبز کو خیر باد کہنے والی سابق بھارتی اداکاہ ثناء خان کی شادی کو دوماہ ہوچکے ہیں وہ اپنے شوہر مفتی انس کے ساتھ بہت ہنسی خوشی زندگی گذار رہی ہیں اور وہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کرتی ہیں ۔ لیکن کچھ لوگوں کو ان کی شوبز سے کنارہ کشی اور اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گذارنا قبول نہیں  ۔

تاہم گزشتہ روز پہلی بار ثنا خان نے انسٹاگرام پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں وہ پریشان نظر آرہی ہیں لیکن ان کی پریشانی ان کی گھریلو زندگی یا شوہر کی وجہ سے نہیں۔ بلکہ ان لوگوں کی وجہ سے ہے جو ان کا ماضی بھول ہی نہیں رہے۔ اور اکثر  ان کے ماضی کے متعلق منفی ویڈیوز بنا کر شیئر کرواتے رہتے ہیں۔ اسی حوالے سے گزشتہ روز ثنا خان نے ایک پوسٹ شیئر کی اور کہا ’’کچھ لوگ کافی عرصے سے میرے متعلق منفی ویڈیوز بنارہے ہیں لیکن میں نے صبر سے کام لیا اور کچھ نہیں کہا۔

لیکن اب ایک شخص نے ایک ویڈیو بنائی ہے جس میں میرے ماضی کو کریدا گیا ہے اور ویڈیو میں میرے متعلق نہایت نامناسب باتیں کی گئی ہیں۔ کیا آپ نہیں جانتے جب ایک شخص توبہ کرلیتا ہے تو اسے اس کے ماضی سے متعلق احساس کروانا بھی گناہ ہے۔ میں اس وقت بہت دلبرداشتہ ہوں میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔‘‘

پوسٹ کے ساتھ ثنا خان نے بتایا کہ وہ ویڈیو بنانے والے شخص کا نام نہیں بتانا چاہتیں۔ تاہم انہوں نے انہیں پریشان کرنے والے لوگوں سے کہا اگر آپ کسی کو سپورٹ نہیں کرسکتے تو کم سے کم اس کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کریں اور خاموش رہیں۔ کسی کے بارے میں اتنے برے تبصرے نہ کریں کہ وہ اپنے ماضی سے متعلق سوچ کر ڈپریشن میں چلا جائے۔

بعض اوقات لوگ توبہ کرتے ہیں اور زندگی میں آگے بڑھ جاتے ہیں لیکن کچھ لوگ میری طرح بھی ہوتے ہیں جو سوچتے ہیں کہ کاش میں ماضی میں واپس چلی جاؤں اور کچھ چیزیں تبدیل کرسکوں۔ مہربانی کرکے دوسروں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کریں اور لوگوں کو وقت کے ساتھ بدلنے دیں۔