مہندی کا ڈیزائن بختاور بھٹو کے نام سے منسوب

مہندی کا ڈیزائن بختاور بھٹو کے نام سے منسوب
کیپشن: مہندی کا ڈیزائن بختاور بھٹو کے نام سے منسوب
سورس: فائل فوٹو

کراچی: آج کل پاکستان میں سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی کی شادی کے چرچے ہیں حالانکہ یہ شادی کورونا کے ماحول میں انتہائی محدود پیمانے پر کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود اس شادی سے جڑی ہر بات عوام کی دلچسپی کا باعث ہے اور ایسا ہی بختاور بھٹو زرداری کی رسم حنا کے موقع پر بنائے گئے مہندی کے ڈیزائن کے ساتھ ہوا ۔سوشل میڈیا پر بختاور کے ہاتھوں پر لگی مہندی کی تصاویر کیا شیئر ہوئیں ملک بھر میں ہونے والی شادیوں میں اسی ڈیزائن میں مہندی لگانے کا ٹرینڈ زور پکڑگیا ۔ بختاور بھٹو کے ہاتھوں پر لگی مہندی کو خواتین نے بے حد پسند کیا ہے اور جن لڑکیوں کی عنقریب شادی ہونے والی ہے انہوں نے ایسے ہی ڈایزائن میں مہندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خواتین کی بڑی تعداد نے مہندی لگانے کے اس ڈیزائن کو بختاور ڈیزائن کا نام دیا ہے ۔ جس کے بعد مہندی لگانے والوں نے بھی بختاورڈیزائن میں ناصرف مہندی لگانے کی پریکٹس شروع کردی ہے بلکہ اس کا معاوضہ بھی زیادہ کردیا ہے ۔ بختاور بھٹو کی رسم حنا کے موقع پر لگائی گئی مہندی سندھی ثقافت کی عکاسی تھی اور یہ اجرک کاڈیزائن تھا لیکن اب اس ڈیزائن کو بختاور ڈیزائن کا نام دے دیا گیا ۔

یاد رہے کہ شادی کے موقع پر مہندی لگانے کی رسم پاکستان بھارت سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں ثقافت کا درجہ اختیار کرچکی ہے ۔ ایشیا میں کئی شادیوں میں اتنا خرچ نہیں ہوتا جتنا مہندی کی رسم پر خرچ کردیا جاتا ہے لیکن رسم حنا میں دلہن کے ہاتھوں پر مہندی کا لگنا ہی اصل مقصود ہوتا ہے ۔ اس موقع پر دلہن کے ہاتھوں پر اہلخانہ اور دیگرمہمان مہندی لگا کر ایک طرح سے اس کو سدا سہاگن کی دعائیں دیتے ہیں اور دلہن کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا جاتا ہے ۔