جوبائیڈن نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی فروخت روک دی

جوبائیڈن نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی فروخت روک دی
کیپشن: جوبائیڈن نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی فروخت روک دی
سورس: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی فروخت عارضی طور پر روک دی ہے۔ 

عرب نیوز الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں سیکریٹری آف اسٹیٹ کا منصب سنبھالنے والے اینٹونی بلینکن نے اپنی پہلی پریس بریفنگ میں کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سعودی عرب اور امارات کو اسلحہ فروخت کرنے کی پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمارا مقصد خارجہ پالیسی کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانا اور حکمت عملی کے اہداف کو یقینی بنانا ہے اور ایسا ہی کر رہے ہیں۔ 

امریکی میڈیا میں چند روز قبل بھی یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ جوبائیڈن انتظامیہ اسلحے کی فروخت کے معاہدے عارضی طور پر روک رہی ہے کیونکہ یہ معاہدے اربوں ڈالرز کے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت سعودی عرب کو جدید اسلحہ اور امارات کو ایف 35 کی فروخت بھی شامل ہے۔ 

جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسی طرح افغانستان کے حوالے سے بھی کہا گیا کہ وہ سابقہ صدر کے دور میں کیے جانے والے معاہدے کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔