اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل پاناما لیکس کیس میں نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کوشش انسان کرتا ہے اور کامیابی اللہ تعالی دیتا ہے اور آج علامہ اقبال کے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا شریف خاندان کو 40 سال سے جانتا ہوں اور میری نواز شریف کے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے بلکہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کی جنگ لڑ رہا ہوں کیونکہ ملک میں ایک ہزار ارب روپے کی سالانہ منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔ ان بڑے بڑے ڈاکوؤں کا ایک، ایک گھر چھ، چھ سو ارب روپے کا ہے۔
انہوں نے کہا جے آئی ٹی ممبران اور سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس طرح انہوں نے کام کیا آج کے فیصلے سے ہمیں امید مل گئی ہے باقی ملکوں کی طرح ہم بھی آگے بڑھ سکتے ہیں کیونکہ عدلیہ چاہے تو طاقتور کا احتساب بھی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا یہ شروعات ہوئی ہے اس کے بعد بڑے بڑے ڈاکو پکڑے جائیں گے کیونکہ سپریم کورٹ نے طاقتور کو انصاف کے کٹہرے میں لایا اور ان کا احتساب ہوا۔
عمران خان نے کہا مجھے سب سے زیادہ تکلیف اس وقت ہوئی جب شوکت خانم پر وزرا نے حملے کیے کیونکہ اس اسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ اس طرح کی باتیں کرنے والے حکومتی وزرا قوم کے مجرم ہی نہیں بلکہ غدار بھی ہیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے اتوار کو اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اس دن جشن منائیں گےاور اللہ کا شکر ادا کریں گے کیونکہ ہم اپنی جہد و جہد میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی وہ اتوار کو ہر حال میں جلسہ گاہ پہنچیں۔کوئی بھی شخص جو 21 سال میں کسی بھی وقت میرے ساتھ تھا وہ پریڈ گراونڈ آئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں